35th National Games Karachi 2025

35ویں نیشنل گیمز کراچی کے لیے بلوچستان کی ٹیموں کی تیاریاں جاری، صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ کا تربیتی کیمپس کا دورہ

سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل یاسر بازئی بھی موجود

کوئٹہ (رپورٹ آئی ٹی برانچ میڈیا سیل): آئندہ ماہ کراچی میں ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز کی تیاریوں کے سلسلے میں محکمہ کھیل حکومت بلوچستان کے زیراہتمام بلوچستان کی مختلف ٹیموں کے تربیتی کیمپس کوئٹہ کے ایوب سپورٹس کمپلیکس اور دیگر مقامات پر جاری ہیں۔ صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان بلوچستان، مینا مجید بلوچ نے سیکرٹری کھیل بلوچستان دُرا بلوچ اور ڈائریکٹر جنرل کھیل بلوچستان، ڈاکٹر یاسر خان بازئی کے ہمراہ ایوب سپورٹس کمپلیکس میں جاری کیمپ کا تفصیلی دورہ کیا۔

اس دورے کے دوران انہوں نے فینسنگ، جوڈو، آرچری، کراٹے، باسکٹ بال اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی، ان کی ٹریننگ اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ مینا مجید بلوچ نے کوچز سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ لی اور کھلاڑیوں سے ان کو دی جانے والی سہولتوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید سہولتیں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایکٹیوٹیز محمد آصف لانگو، فوکل پرسن گیمز محیب الرحمن، مس اختر صاحبہ، دین محمد اور دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

صوبائی مشیر کھیل و امور نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا کہ “بلوچستان کے کھلاڑی نیشنل گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ بلوچستان کے کھلاڑیوں کی محنت جاری ہے، اور ہماری مکمل سپورٹ ان کے ساتھ ہے۔ کیمپس میں کھلاڑیوں کو تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ وہ بھرپور طریقے سے اپنی پریکٹس جاری رکھ سکیں۔”

35ویں نیشنل گیمز میں بلوچستان ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 48 میڈلز اپنے نام کر لیے، جن میں 4 گولڈ، 14 سلور اور 30 براؤنز میڈلز شامل ہیں۔
محکمہ کھیل بلوچستان نے بہتر نتائج کا جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کر دکھایا اور پچھلے تمام ایڈیشنز کے مقابلے میں بہترین کارکردگی پیش کی۔

خوش آئند پہلو یہ ہے کہ ان میڈلز میں زیادہ تعداد لڑکیوں کی ہے جنہوں نے بلوچستان کا نام قومی سطح پر روشن کیا۔
محکمہ کھیل بلوچستان نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کو خصوصی انعامات دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے تاکہ کھلاڑیوں کی مزید حوصلہ افزائی ہو۔